خارجِ نماز میں دعاء کرتے ہوےٴ آسمان کی طرف دیکھنا
Question
کیا خارجِ نماز میں دعاء کرتے ہوےٴ آسمان کی طرف دیکھنا جائز ہے؟
Answer
الحمد للہ والصلاۃ والسلام علی سیدنا رسول اللہ وآلہ وصحبہ ومن والاہ، وبعد. خارجِ نماز میں دعاء کرتے ہوےٴ آسمان کی طرف دیکھنا جائز عمل ہے؛ اُم المومنین سیدہ میمونہ رضی اللہ تعالی عنھا سے مروی ہے آپ فرماتی ہیں: نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وصحبہ وسلم جب بھی میرے گھر سے نکلتے تو آسمان کی طرف نظر اٹھا کر یہ دعاء کرتے: «اللهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ أَنْ أَضِلَّ أَوْ أُضَلَّ، أَوْ أَزِلَّ أَوْ أُزَلَّ، أَوْ أَجْهَلَ أَوْ يُجْهَلَ عَلِيَّ، أَوْ أَظْلِمَ أَوْ أُظْلَمَ» یعنی: اے اللہ میں تیری پناہ مانگتا ہوں اس سے کہ میں راستہ بھول جاؤں یا مجھے راستہ بھلایا جاےٴ، یا میں گناہ میں پڑوں یا مجھے گناہ میں ڈالا جاےٴ، یا میں لاعلم رہوں یا مجھے لا علم رکھے جاےٴ یا میں ظلم کروں یا مجھ پر ظلم کیا جاےٴ"۔ اس حدیث کو امام طبرانی رحمہ اللہ نے "المعجم الكبير" میں روایت کیا ہے۔ اور عقبہ بن عامر جہمی رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے آپ فرماتے ہیں کہ مجھ سے سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ تعالی عنہ نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وصحبہ وسلم نے فرمایا:«مَنْ تَوَضَّأَ فَأَحْسَنَ الْوُضُوءَ، ثُمَّ رَفَعَ بَصَرَهُ إِلَى السَّمَاءِ فَقَالَ: أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ، وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ، وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ، فُتِحَتْ لَهُ ثَمَانِيَةُ أَبْوَابٍ مِنَ الْجَنَّةِ يَدْخُلُ مِنَ أَيِّهَا شَاءَ» یعنی: جس نے وضوء کیا اور اچھی طرح وضوء کیا پھر آسمان کی طرف نگاہ اٹھا کر یہ دعا کی: "میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ ایک ہے اس کا کوئی شریک نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وصحبہ وسلم اللہ تعالی کے بندے اور اس کے رسول ہیں تو اس کے لئے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیے جائیں گے جس سے چاہے داخل ہو جاےٴ" اس حدیث کو امام نسائی رحمه اللہ تعالى نے"السنن الكبرى" میں روایت کیا ہے۔
والله سبحانه وتعالى أعلم.