ملازم کا اپنی ملازمت سے ذاتی طور پر فائدہ اٹھانا
Question
کیا ملازم کا اپنی ملازمت سے ذاتی طور پر فائدہ اٹھانا جائز ہے؟ ایک شخص کسی خدمتی ادارے میں ملازم ہے، اور اپنی ملازمت اور اس ادارے کے لیے مخصوص روزانہ وقت کے بدلے تنخواہ وصول کرتا ہے۔ لیکن وہ اپنی آمدنی بڑھانے اور زیادہ کمانے کا خواہش مند ہے۔ بعض ایسے لوگ جنہیں وہ خدمات فراہم کرتا ہے، اُسے ذاتی طور پر کچھ رقم پیش کرتے ہیں، اس شرط پر کہ وہ اُن کے کام کو دوسروں کی نسبت زیادہ توجہ دے، یا اُن کے کام کو جلدی مکمل کرے۔ تو کیا شرعاً اس کے لیے ایسی رقم لینا جائز ہے؟
Answer
الحمد للہ والصلاۃ والسلام علی سیدنا رسول اللہ وعلى آلہ وصحبہ ومن والاہ وبعد؛ اس ملازم کے لیے حرام ہے کہ وہ اپنی ملازمت کے دائرے میں جن لوگوں کو خدمات فراہم کرتا ہے، ان سے ذاتی طور پر پیش کی گئی رقم لے، کیونکہ یہ رقم شرعی طور پر حرام رشوت کے زمرے میں آتی ہے۔ اسے چاہیے کہ حلال کمائی کی کوشش کرے اور اس کے حصول میں صبر سے کام لے۔
تفصیلات:
رزق کے طلب میں کوشش کی فضیلت
شریعتِ مطہرہ نے حلال رزق کے طلب اور کسب معاش کی بھرپور ترغیب دی ہے، مگر اس کوشش کو پاکیزہ اور جائز طریقوں کے ساتھ مشروط کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ﴿فَٱنتَشِرُواْ فِي ٱلۡأَرۡضِ وَٱبۡتَغُواْ مِن فَضۡلِ ٱللَّهِ﴾ ترجمہ: زمین میں پھیل جاؤ اور اللہ کا فضل (رزق) تلاش کرو۔ (جمعہ: 10)۔
امام ابو اللیث سمرقندی رحمہ اللہ "بحر العلوم" (جلد 3، صفحہ 363) میں اس آیت کی تفسیر کرتے ہوئے فرماتے ہیں: یعنی: تجارت اور کسبِ معاش کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے رزق طلب کرو۔"
ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تَأۡكُلُوٓاْ أَمۡوَٰلَكُم بَيۡنَكُم بِٱلۡبَٰطِلِ﴾ ترجمہ: "اے ایمان والو! آپس میں ایک دوسرے کا مال ناحق طریقے سے مت کھاؤ۔" (النساء: 29)۔
امام زمخشری رحمہ اللہ "الکشاف" (جلد 1، صفحہ 502) میں اس آیت کی تفسیر کرتے ہوئے لکھتے ہیں: ﴿بِٱلۡبَٰطِلِ﴾ یعنی وہ طریقے جنہیں شریعت نے حلال قرار نہیں دیا، جیسے چوری، خیانت، غصب، جوّا، اور سودی معاملات کے ذریعے مال حاصل کرنا۔"
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "اللہ سے ڈرو اور رزق طلب کرنے میں اچھا طریقہ اختیار کرو، اور رزق کے دیر سے ملنے کی وجہ سے ایسا نہ ہو کہ تم اسے اللہ کی نافرمانی کے ذریعے حاصل کرنے لگو، کیونکہ اللہ کے پاس جو کچھ ہے وہ صرف اسی کی اطاعت سے حاصل ہوتا ہے۔"اس حدیث کو امام ابن ابی شیبہ، امام حاکم، اور امام بیہقی نے "شعب الإيمان" میں روایت کیا ہے۔
اسی طرح حلال روزی کی تلاش میں مشقت اور تھکن شامل ہوتی ہے، جو اس قدر اہم اور عظیم عمل ہے کہ اسے جہاد اور بہادروں سے مقابلے کے مانند قرار دیا گیا ہے۔ عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’ حلال روزی کی طلب جہاد ہے۔‘‘ اس حدیث کو امام شِہاب قُضاعی نے اپنی "مسند" میں اور ابن ابی دنیا نے "إصلاح المال" میں روایت کیا ہے۔
محمد بن واسع نے مالک بن دینار سے کہا: ’’ تم بہادروں سے مقابلہ کیوں نہیں کرتے؟‘‘ انہوں نے پوچھا: ’’بہادروں سے مقابلہ کیا ہوتا ہے؟‘‘ محمد بن واسع نے جواب دیا: ’’حلال کمائی کرنا اور گھر والوں پر خرچ کرنا۔‘‘ اسے امام بیہقی نے "شعب الإيمان" میں روایت کیا ہے۔
ملازم اور اس کے ادارے کا باہمی تعلق
شرعی اصول کے مطابق، ملازم اور اُس ادارے کے درمیان جس میں وہ کام کرتا ہے، کا تعلق 'عقدِ اجارہ' (یعنی خدمات یا وقت کے عوض اجرت کا معاہدہ) پر مبنی ہوتا ہے۔ اس معاہدے میں دو باتیں واضح ہوتی ہیں: اول یہ کہ ملازم پر کون سی ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں، اور وہ ان ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے خود کو مخصوص (یا مقید) کرے گا؛ دوم یہ کہ اس کے بدلے میں وہ کتنی اجرت حاصل کرے گا۔فقہاء نے اجارہ کی تعریف یوں کی ہے:'' ایسا معاہدہ جو کسی متعین اور مقصود نفع پر ہو، جو قابلِ فراہم اور جائز ہو، اور معلوم معاوضے کے بدلے میں ہو۔" مغنی المحتاج، للإمام الخطيب الشربيني، 3/438، دار الكتب العلمية۔
اجارہ (نوکری یا خدمات کا معاہدہ) کی دو اقسام ہوتی ہیں: ایک وہ جس میں ملازم کو خاص طور پر کسی ایک کام یا ادارے کے لیے مقرر کیا جاتا ہے اور اس میں شرط ہوتی ہے کہ وہ اپنے وقت میں کسی دوسرے کام میں مشغول نہ ہو – جیسا کہ ہماری زیر بحث صورت ہے – اور دوسری قسم مشترکہ اجارہ ہوتی ہے،جس میں ایسی کوئی پابندی نہیں ہوتی۔
"مجلة الأحكام العدلية" کی دفعہ (422) میں (ص: 81، مطبوعہ نور محمد) اس کی وضاحت یوں کی گئی ہے:
"ملازم (اجیر) دو قسم کے ہوتے ہیں: پہلی قسم: خاص ملازم، یعنی وہ ملازم جسے اس شرط پر رکھا گیا ہو کہ وہ صرف اسی شخص یا ادارے کے لیے کام کرے گا، جیسے نوکر یا خادم۔ دوسری قسم: مشترک ملازم، جس پر یہ شرط نہیں ہوتی کہ وہ صرف ایک ہی شخص کے لیے کام کرے، جیسے مزدور، بروکر، درزی، گھڑی ساز، یا سونے چاندی کا کام کرنے والا۔"
ادارے کی جانب سے طے کردہ قوانین، قواعد و ضوابط کی پابندی کی شرعی حیثیت کا بیان
جب کوئی ملازم کسی ادارے کے لیے کام کرتا ہے، تو وہ "اجیرِ خاص" یعنی مخصوص ملازم شمار ہوتا ہے، اس لیے اس پر لازم ہوتا ہے کہ وہ اُس ادارے کی طرف سے مقرر کردہ قوانین، ضوابط اور ہدایات کی پابندی کرے۔ یہ التزام اُس معاہدے کا تقاضا ہے جو اس ملازم اور ادارے کے درمیان طے پایا ہوتا ہے، چاہے وہ ادارہ نجی ہو یا سرکاری۔ اس معاہدے کے مطابق ملازم کو یہ اجازت نہیں کہ وہ کام کے مقررہ وقت کے دوران یا ادارے کے احاطے کے اندر رہتے ہوئے کسی اور ذریعے سے کسی قسم کی کمائی کرے، کیونکہ شرعی اصول کے مطابق "عقود" یعنی معاہدات جب ایک بار ایجاب وقبول (پیشکش اور قبول) کے ذریعے طے پا جائیں تو فریقین پر لازم ہو جاتے ہیں اور ان کی پابندی ضروری ہوتی ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا أَوْفُوا بِالْعُقُودِ﴾ ترجمہ: "اے ایمان والو! معاہدوں کو پورا کرو۔" (المائدة: 1)۔
یعنی: "جو معاہدہ انسان اپنی مرضی سے خود پر لازم کرتا ہے، جیسے خرید وفروخت، اجارہ (نوکری کا معاہدہ)، اور دیگر معاملات، تو جب تک وہ شریعت کے خلاف نہ ہو، وہ معاہدہ معتبر اور لازم ہوتا ہے"؛ جیسا کہ امام قرطبیؒ نے اپنی تفسیر الجامع لأحكام القرآن (6/32، مطبوعہ دار الكتب المصرية) میں وضاحت فرمائی۔
اسی طرح حضرت عمرو بن عوف مُزَنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "مسلمان اپنے شروط (معاہداتی شرائط) پر قائم رہیں، سوائے اس شرط کے جو کسی حلال چیز کو حرام کر دے یا کسی حرام چیز کو حلال کر دے"۔ اس حدیث کو امام ترمذی نے روایت کیا ہے اور فرمایا: "یہ حدیث حسن صحیح ہے"۔
ملازم کا اپنے ادارے میں فراہم کی جانے والی خدمات کے بدلے ذاتی طور پر رقم لینا
کسی سرکاری یا خدمتی ادارے میں ملازم کا وہ کام جو اس کے اور ادارے کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت اس کے ذمے ہے، اور جس پر وہ باقاعدہ تنخواہ وصول کرتا ہے، اس پر اسے شرعًا مکمل دیانت داری سے عمل کرنا لازم ہے، اور اس کام کے بدلے میں کسی بھی صارف یا فائدہ اٹھانے والے سے ذاتی طور پر مزید رقم لینا جائز نہیں، بلکہ شرعًا حرام ہے کیونکہ یہ اُس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
اسی طرح، اگر ملازم کسی صارف سے اس کی سہولت یا کام جلدی نمٹانے کے بدلے میں ذاتی طور پر رقم لیتا ہے، تو یہ شدید حرام کام ہے کیونکہ یہ عمل شرعی طور پر "رشوت" کے زمرے میں آتا ہے، اور رشوت لینے والے پر اللہ کی لعنت آئی ہے؛ جیسا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: «لَعَنَ اللهُ الرَّاشِيَ وَالمُرتَشِيَ» ترجمہ: "اللہ تعالیٰ نے رشوت دینے والے اور لینے والے دونوں پر لعنت فرمائی ہے"۔ اس حدیث کو امام احمد، ترمذی، حاکم اور دیگر محدثین نے روایت کیا ہے۔
امام مناویؒ نے التيسير بشرح الجامع الصغير (2/292، ط. مكتبة الإمام الشافعي) میں فرمایا: '' حرام رشوت وہ ہے جس کے ذریعے کسی حق کو باطل کیا جائے یا کسی باطل کو جاری رکھا جائے"۔
اور ملازم کا اپنے معمول کے طریقۂ کار سے ہٹ کر بعض مخصوص افراد کا ذاتی مفاد پورا کرنے میں مشغول ہونا، یا دوسروں کے مقابلے میں کسی ایک کو غیر معمولی توجہ دینا، اس کے بدلے میں رقم لینے کی صورت میں—
یہ سب درحقیقت دیگر صارفین کے حقوق کو ضائع کرنے کے دائرے سے خارج نہیں، کیونکہ اس میں ان کے کام میں تاخیر کی جاتی ہے، اور ادارے کے مقررہ اصول و ضوابط کے خلاف کام کرتے ہوئے ناجائز طریقے سے بعض افراد کا کام آگے بڑھایا جاتا ہے۔ لہٰذا، یہ صورت رشوت کی تعریف میں داخل ہو کر ناجائز اور حرام ہے، چاہے اسے کوئی اور نام دیا جائے۔
فقہاء نے حرام رشوت کے مفہوم کو اور تحائف کی ان جائز صورتوں کو واضح طور پر بیان کیا ہے جو رشوت کے دائرے میں نہیں آتیں۔چنانچہ امام ماوردیؒ نے اپنی کتاب الأحكام السلطانية (ص: 198، ط. دار الحديث) میں فرمایا: "رشوت اور ہدیہ میں فرق یہ ہے کہ رشوت وہ چیز ہے جو مطالبے کے طور پر لی جائے، اور ہدیہ وہ چیز ہے جو خوش دلی سے بغیر مطالبے کے دی جائے"۔
شیخ عارف عبد الغنی نابلسیؒ [متوفی: 1143ھ] نے اپنی کتاب تحقيق القضية في الفرق بين الرشوة والهدية (ص: 70، ط. مكتبة الزهراء) میں فرمایا: "جہاں تک قاضیوں اور حکام کے علاوہ عام لوگوں کا تعلق ہے تو جو بھی کسی کو تحفہ دے، خواہ وہ کھانے پینے کی چیز ہو یا پہننے کی یا سواری کی کوئی چیز ہو، یا دراہم و دنانیر اور دیگر اموال ہوں، اور چاہے وہ شخص بااثر ہو یا کسی قاضی یا حاکم کے یہاں اس کی بات سنی جاتی ہو یا نہ ہو، اور چاہے وہ عالم ہو، نیک ہو، جاہل ہو یا کسی پیشے سے وابستہ ہو— الغرض ہر قسم کے لوگ— اور تحفہ دینے والا اگر کسی حاکم یا غیر حاکم کے پاس اپنی حاجت پوری کروانے یا کسی بھی معاملے میں سفارش کروانے کی نیت رکھتا ہو، خواہ وہ اپنی حاجت کو ذکر کرے یا نہ کرے، ان تمام صورتوں میں اگر دونوں کے درمیان یہ شرط واضح طور پر طے ہوئی ہو، یعنی دونوں نے زبان سے اسے بیان کیا ہو اور اس پر راضی ہوں، تو یہ رشوت شمار ہوگی، اور ایسی رشوت لینا شرعاً حرام ہے، اور اسے لینا جائز نہیں''۔
خدماتی کاموں کا اصول یہ ہوتا ہے کہ وہ متعلقہ افراد کو بغیر کسی اضافی معاوضے کے فراہم کیے جائیں، سوائے اس کے جو ان خدمات کے لیے مقررہ ضوابط وقوانین میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہو۔ جب وہ خدمات فراہم کرنے والا شخص ملازم ہو اور ان کاموں کے بدلے تنخواہ لے رہا ہو، اس وقت تک اس کے لیے کوئی اضافی رقم لینا جائز نہیں۔ملکی قوانین نے بھی یہی قرار دیا ہے کہ: اگر کوئی ملازم عوامی خدمات فراہم کرنے کے دوران کسی شخص سے ذاتی طور پر رقم لیتا ہے، تو یہ رشوت کی ایک ممنوع اور مجرمانہ صورت ہے، جس پر سزا مقرر ہے۔
خلاصہ
مندرجہ بالا تفصیل کی بنیاد پر اور سوال میں ذکر کردہ صورتِ حال کے مطابق: مذکورہ ملازم کے لیے اُن لوگوں سے ذاتی طور پر پیسہ لینا حرام ہے جنہیں وہ اپنی ملازمت کے دائرے میں خدمات فراہم کرتا ہے، کیونکہ یہ شرعاً ناجائز رشوت کے زمرے میں آتا ہے۔ لہٰذا اُس پر واجب ہے کہ وہ حلال کمائی کی کوشش کرے اور اُسی پر صبر وقناعت اختیار کرے۔
والله سبحانه وتعالى أعلم.