جنگجوؤں کو پناہ دینا

Egypt's Dar Al-Ifta

جنگجوؤں کو پناہ دینا

Question

دہشت گردوں کو پناہ دینے کا اور جہاد فی سبیل اللہ میں تعاون کے دعوے کے ساتھ انہیں نظروں سے چھپانے کا کیا حکم ہے؟

Answer

دہشت گردوں کو پناہ دینا ان کبیرہ گناہوں میں سے ایک ہے جن کے مرتکب اللہ تعالی کی لعنت کے مستحق ہیں اور یہ دعویٰ کہ یہ عمل جہاد میں تعاون ہے شریعت پر سراسر جھوٹ باندھناہے۔ یہ مجرم جو کچھ تخریب کاری اور قتل وغارت گری کر رہے ہیں فسق وفجور کی ایک بد ترین قسم ہے جس کو روکنے اور دور کرنے کے لیے شریعت آئی ہے اور اگر وہ شہریوں کو نقصان پہنچانے سے باز نہ آئیں تو ان سے قتال کرنے کا حکم دیتی ہے ۔ اور ان کا اسے جہاد کا نام دینا سراسر دھوکا دینے اور التباس پیدا کرنے کیلئے ہے تاکہ یہ فساد اور جھوٹ کمزور ذہن لوگوں اپنی لپیٹ میں لے لے۔ معاشرہ کے تمام افراد، گروہوں اور اداروں پر واجب ہے کہ اپنی اپنی استطاعت کے مطابق ان خارجی باغیوں کا مقابلہ کر کے ان کی جارحیت کو پسپا کریں۔ شریعت نے لوگوں کو ظالم کا ہاتھ روکنے کا حکم دیا ہے یہاں تک کہ وہ اپنے ظلم اور زیادتی سے باز آجائے۔نبی کریم ﷺ نے ظلم کی طرف  سےآنکھ بند کر  لینے اور خاموش رہنے سے منع فرمایا ہے اور اسے عذاب الہی کا موجب قرار دیا ہے کیونکہ خاموشی اس جرم کے لیے موزوں  ماحول پیدا کرتی ہے اور اسے بغیر کسی مزاحمت کے پھیلنے اور بڑھنے میں مدد دیتی ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "اگر لوگ کسی ظالم کو دیکھیں اور اس کے ہاتھ نہ روکیں تو قریب ہے کہ اللہ انہیں اپنے عقاب سے اندھا کر دے گا۔" اسے امام احمد، ابو داؤد اور ترمذی نے روایت کیا ہے۔ امام ترمذی نے اسے صحیح قرار دیا ہے، اور اسے ابن ماجہ اور ابن حبان نے ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی حدیث سے نقل کیا ہے۔

والله سبحانه وتعالى أعلم.

Share this:

Related Fatwas