مقولہ: " سرزمینِ مصر مبارک سرزمین ہے اور یہ ام البلاد ہے"
Question
یہ کہاوت کتنی سچی ہے: " سرزمینِ مصر مبارک سرزمین ہے اور یہ ام البلاد ہے"
Answer
مصر کو " ام الدنیا" یا " ام البلاد اور لوگوں کی غوث" کہا جاتا تھا۔ اسے یہ نام اللہ تعالی کے نبی سیدنا نوح علیہ السلام نےدیا تھا۔ ابن عبد الحکم نے " فتوحاتِ مصر ومغرب " (ص 27) میں حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کیا ہے کہ سیدنا نوح علیہ السلام نے اپنے بیٹے کیلئے فرمایا جب اس نے آپ کی دعوت قبول کی: "اے اللہ، اس نے میری دعوت قبول کر لی ہے، لہذا اسے اور اس کی اولاد کو برکت دے اور اسے اس مبارک زمین میں آباد کر دے جو ام البلاد ہے، اور لوگوں کیلئے غوث ہے، جس کا دریا دنیا کے تمام دریاؤں سے بہتر ہے، اور اس میں بہترین نعمتیں اور برکتیں عطا فرما، اور زمین کو اس کے لئے اور اس کی اولاد کے لیے مسخر کر کے ان کے تابع کر دے، اور ان کو اس پر قوت عطا فرما)) ۔ اس روایت کا تذکرہ علماء کی ایک جماعت نے اپنی کتابوں میں کیا ہے، اور اسے فضائلِ مصر کے ثبوت کے طور پر استعمال کیا ہے، جن میں سے حافظ الکندی نے " فضائل مصر المحروسہ " میں، مورخ علامہ البکری نے"المسالک والممالک" میں، علامہ مورخ ابن تغری بردی نے "النجوم الظاہرہ" میں، اور امام سیوطی نے "حسن المحاضرہ" میں اور علامہ المقرزی نے "المواعظ والاعتبار" اور دیگر علماء نے ذکر کیا ہے۔