نفل نماز جماعت کے ساتھ پڑھنا
Question
نفل نماز جماعت کے ساتھ پڑھنے کا کیا حکم ہے؟
Answer
جمہور فقہاء کا اس بات پر اتفاق ہے کہ عید، کسوف، استسقاء اور تراویح کی نماز میں جماعت سنت ہے، اور اس کے علاوہ دیگر نوافل میں اختلاف پایا جاتا ہے؛ حنفی اور مالکی فقہاء کا یہ موقف ہے کہ نوافل نماز میں اصل یہ ہے کہ اکیلے اور پوشیدہ طور پر پڑھی جاے، اور نفل نمازوں میں جماعت کو مکروہ ہے اگر اس کے لیے باضابطہ بلایا جائے اور نمازیوں کی تعداد زیادہ ہو۔ مالکیہ نے یہ اضافہ کیا ہے کہ اگر نفل نماز مشہور مقام پر جماعت سے پڑھی جائے خواہ تعداد کم ہی کیوں نہ ہو تو بھی مکروہ ہے۔ جبکہ شافعی اور حنبلی فقہاء نے نفل نماز کی جماعت بلا کراہت جائز قرار دی ہے۔
لہٰذا، فقہاء کے درمیان متفقہ بات یہ ہے کہ با جماعت پڑھی جانے والی نفل نماز صحیح ہے، اور زیادہ سے زیادہ اس میں کراہت کا اختلاف ہے۔ اس معاملے میں وسعت ہے، اگر کوئی شخص نفل نماز میں جماعت کے ساتھ اپنے دل کو زیادہ حاضر پاتا ہے تو اس کے لیے ایسا کرنا جائز ہے اور اس پر کوئی حرج نہیں۔