ہجری کیلنڈر میں عربی مہینے کی ابتدا جاننے کے طریقے
Question
ہجری کیلنڈر میں عربی مہینے کی ابتدا کیسے معلوم کی جاتی ہے؟
Answer
الحمد للہ والصلاۃ والسلام علی سیدنا رسول اللہ وعلى آلہ وصحبہ ومن والاہ وبعد؛
ہجری کیلنڈر میں عربی مہینے کی ابتدا چاند کی رؤیت سے ثابت ہوتی ہے، اور اس کے لیے مہینے کی انتیسویں تاریخ کو سورج غروب ہونے کے بعد چاند دیکھا جاتا ہے۔ اگر چاند نظر آ جائے تو نیا مہینہ شروع ہو جاتا ہے، اور اگر چاند نظر نہ آئے تو پچھلے مہینے کے تیس دن مکمل کرنا واجب ہوتا ہے؛ جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے رمضان کے بارے میں فرمایا: " چاند دیکھ کر روزے شروع کرو اور چاند ہی دیکھ کر روزے موقوف کرو اور اگر بادل ہو جائے تو تیس دن پورے کر لو۔ " (متفق علیہ)
شرعاً رؤیتِ بصری پر اعتماد کرنا اصل ہے، اور فلکی حسابات سے بطور تائید فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے؛ کیونکہ فتویٰ کے لیے راجح موقف یہ ہے کہ فلکی حساب صرف رؤیت کے امکان کی نفی کر سکتا ہے، چاند کی رؤیت کو ثابت نہیں کر سکتا ہے۔ اس لیے اگر فلکی حساب چاند کے طلوع کو ناممکن قرار دے تو خلافِ حسابِ فلکی رؤیتِ بصری کا اعتبار نہیں کیا جاتا۔ اور صرف فلکی حساب کی بنیاد پر چاند ثابت بھی نہیں کیا جا سکتا؛ بلکہ جب فلکی حساب رؤیت کی نفی نہ کرے، تو رؤیتِ بصری سے چاند کے طلوع کو ثابت کیا جائے گا۔
والله سبحانه وتعالى أعلم.