نماز میں سترہ کی مقدار اور نمازی کے آگے سے گزرنے کا فاصلہ
Question
نماز میں سترہ کی مقدار کیا ہے؟ اور اگر نمازی نے سترہ نہ رکھا ہو تو اس کے آگے سے گزرنے کا فاصلہ کتنا ہونا چاہیے؟
Answer
الحمد لله والصلاة والسلام على سيدنا رسول الله وعلى آله وصحبه ومن والاه، وبعد؛ نماز میں سترہ رکھنا نمازی کو خشوع و خضوع پیدا کرنے، حضورِ قلب اور نماز کے دوران لوگوں کے گزرنے سے پیدا ہونے والی خلل سے بچنے میں مدد دیتا ہے، اور شریعت میں یہ عمل مستحب و مطلوب ہے۔ سترہ کی لمبائی کم از کم ایک ہاتھ (تقریباً 46.375 سینٹی میٹر) یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے، اور چوڑائی اتنی ہو کہ دیکھنے والے کو واضح طور پر نظر آجائے تاکہ اس کا مقصد حاصل ہو۔ اگر نمازی نے اپنے سامنے سترہ رکھا ہو تو کسی کے لیے جائز نہیں کہ وہ اس کے اور سترے کے درمیان سے گزرے، بلکہ صرف سترے کے پیچھے سے گزرنا درست ہے۔ لیکن اگر نمازی کے سامنے کوئی سترہ نہ ہو تو گزرنے سے منع کی گئی جگہ وہ ہے جو نماز کے دوران نمازی کے کام میں آتی ہے، یعنی اس کے قدموں سے لے کر سجدے کی جگہ تک۔
تفاصیل:
نماز میں سترہ کا حکم
سترہ وہ چیز ہے جو نمازی اپنے سامنے اس لیے رکھتا ہے تاکہ کوئی اس کے آگے سے نہ گزرے۔ شرعاً یہ بات معلوم ہے کہ سترہ کا رکھنا مستحب عمل ہے، کیونکہ اس سے نمازی کو گزرنے والوں کی وجہ سے خلل اور بے توجہی سے بچاؤ حاصل ہوتا ہے، نیز یہ نظر کو سترہ کے پیچھے کی چیزوں سے روکتا اور ذہن کو نماز کی طرف یکجا رکھتا ہے۔ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی نماز پڑھے تو اسے چاہیے کہ سترہ کی طرف نماز پڑھے اور اس کے قریب ہو جائے۔ اسے امام ابو داود (اور یہ انہیں کے الفاظ ہیں)، ابن ماجہ اور بیہقی نے اپنی سنن میں روایت کیا ہے۔
اورقولِ مختار کے مطابق سترہ کے استحباب کا محل وہی ہے جب نمازی کو اندیشہ ہو کہ کوئی اس کے آگے سے گزر جائے گا، البتہ اگر گزرنے کا خطرہ نہ ہو تو سترہ نہ رکھنے میں کوئی حرج نہیں، جیسے کہ ایسی جگہ نماز پڑھنا جہاں اس کے سوا کوئی نہ ہو، یا وہ اگلی صف میں ہو جہاں اس کے آگے کوئی گزرنے والا نہ ہو۔ دیکھیے: علامہ شرنبلالی حنفی کی کتاب مراقی الفلاح (ص 134، طبع: المکتبۃ العصریۃ) اور علامہ خَرَشی مالکی کی شرح مختصر خلیل (1/278، طبع: دارالفکر)۔
نماز میں سترہ کی مقدار
نماز میں نمازی کے لیے سترہ ہر وہ چیز ہو سکتی ہے جو پردہ بننے کے قابل ہو، اور اس کی کم سے کم مقدار ’’مؤخرۃ الرَّحل‘‘ کے برابر ہے، یعنی اونٹ کے کجاوے کے پچھلے حصے میں لگا ہوا لکڑی یا ڈنڈا جس پر سوار ٹیک لگاتا ہے۔ امّ المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ سے نماز میں سترہ کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ’’کجاوے کے پچھلے حصے کے برابر۔‘‘ اسے امام مسلم نے روایت کیا ہے۔
امام نووی رحمہ اللہ نے شرح صحیح مسلم (ج 1، ص 231، ط. إحياء التراث العربي) میں فرمایا: ’’مؤخرۃ الرَّحل‘‘ ميم کے ضمّہ کے ساتھ ہے، اس کے بعد ہمزہ ساکن اور پھر خاء مکسورہ ہے، یہی درست تلفظ ہے… اور یہ وہ لکڑی ہے جو سوار کے پیچھے ہوتی ہے۔ فقہاء کے درمیان سترہ کی لمبائی اور چوڑائی کے بارے میں اختلاف ہے۔ احناف کے نزدیک اس کی لمبائی ایک ذراع اور چوڑائی ایک انگلی کے برابر ہے، کیونکہ اس سے کم چیز دور سے نظر نہیں آتی، اس لئے اس سے سترہ اختیار کرنے کا مقصد حاصل نہیں ہوتا۔
امام زیلعی حنفی نے تبیین الحقائق (ج 1، ص 160، ط. الأميرية) میں فرمایا: ’’سترہ کی لمبائی ایک ذراع اور اس کی موٹائی ایک انگلی کے برابر ہونی چاہیے، کیونکہ اس سے کم چیز دور سے نظر نہیں آتی، اس لیے مقصود حاصل نہیں ہوتا۔‘‘ مالکیہ کے نزدیک سترہ کی کم سے کم چوڑائی ایک نیزے کے برابر اور لمبائی ایک ذراع ہونی چاہیے، ورنہ مطلوبہ مقصد یعنی نمازی اور اس کے سامنے سے گزرنے کے درمیان حائل ہونے کا مطلب حاصل نہیں ہوتا۔ علامہ احمد الدردیر مالکی نے الشرح الكبير مع حاشية الدسوقي (ج 1، ص 246، ط. دار الفكر) میں فرمایا: ’’سترہ کے اندازے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی موٹائی نیزے کے برابر اور لمبائی ایک ذراع ہونی چاہیے، اس سے کم نہیں۔‘‘
شیخ دَسوقی مالکی نے الشرح الكبير پر حاشیہ لکھتے ہوئے فرمایا: ’’ (مصنف کا قول: ’موٹائی میں نیزے کے برابر‘) یعنی سترہ کی کم سے کم موٹائی نیزے کے برابر ہونی چاہیے، اور اگر اس سے زیادہ موٹی ہو تو بہتر ہے، لیکن اگر وہ نیزے کی موٹائی سے کم ہو تو اس سے مطلوب فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ (مصنف کا قول: ’اور لمبائی ایک ہاتھ‘) یعنی کہنی سے درمیانی انگلی کے آخری کنارے تک، اور مراد یہ ہے کہ اس کی اونچائی نمازی کے سامنے کم از کم ایک ہاتھ (ذراع) یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے۔
شافعی فقہاء کے نزدیک سترہ کی لمبائی کم از کم دو تہائی ذراع یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے، جبکہ چوڑائی کی کوئی حد مقرر نہیں، لہٰذا موٹی یا باریک ہر چیز سترہ بن سکتی ہے؛ کیونکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’اپنی نماز میں سترہ اختیار کرو، چاہے وہ تیر ہی کیوں نہ ہو۔‘‘ (روایت: بیہقی، ابن خزیمہ) شیخ الاسلام زکریا انصاری شافعی نے أسنى المطالب میں فرمایا: ’’اگر نمازی کو دیوار یا اس جیسی کوئی سترہ نہ ملے تو لکڑی گاڑ دے یا کوئی سامان جمع کر لے، اور ہر ایک کی لمبائی مؤخرة الرحل یعنی دو تہائی ذراع یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے۔‘‘
علامہ دميري شافعی نے النجم الوهاج میں فرمایا: ’’سترہ کی چوڑائی (موٹائی) کی کوئی معیّن حد نہیں، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ‘اپنی نماز میں سترہ اختیار کرو، چاہے وہ تیر ہی کیوں نہ ہو۔’‘‘ حنابلہ کے نزدیک سترہ کی لمبائی ایک ذراع یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے، جبکہ چوڑائی کے لیے کوئی خاص حد مقرر نہیں، لہٰذا موٹی یا باریک ہر چیز سترہ بن سکتی ہے۔
شیخ ابوالنجا حجاوی حنبلی نے الإقناع میں فرمایا: ’’سترہ کی لمبائی تقریباً ایک ذراع یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے، جبکہ اس کی موٹائی (چوڑائی) کی کوئی حد مقرر نہیں، وہ دیوار کی طرح موٹی بھی ہو سکتی ہے اور تیر کی مانند باریک بھی۔‘‘
حنفی فقہاء کے نزدیک ایک ذراع سات قبضوں کے برابر ہے، اور ہر قبضہ ایک سیدھی انگلی کے برابر ہوتا ہے، جو (46.375) سینٹی میٹر بنتا ہے۔ مالکیہ کے نزدیک ذراع کہنی سے درمیانی انگلی کے آخری جوڑ تک کا فاصلہ ہے، جو چھتیس انگلیوں کے برابر ہوتا ہے، ہر انگلی چھ جوکے برابر ہے، اس طرح ایک ذراع (53) سینٹی میٹر بنتا ہے۔ شافعیہ اور حنابلہ کے نزدیک ایک ذراع چوبیس انگلیوں کے برابر ہے، جو (61.834) سینٹی میٹر کے مساوی ہے۔ ملاحظہ ہو: حاشیہ ابن عابدین علی الدر المختار (1/196)، حاشیہ العدوی علی كفاية الطالب الرباني (1/363)، الإقناع في حل ألفاظ أبي شجاع (1/171)، المبدع شرح المقنع (2/115)، اور المكاييل والموازين از ڈاکٹر علی جمعہ (ص:50)۔
شریعتِ مطہرہ نے نمازی کے سامنے سے گزرنے سے منع فرمایا ہے، جیسا کہ حضرت ابوجُہَیم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اگر گزرنے والا یہ جان لے کہ نمازی کے سامنے سے گزرنے کا کیا گناہ ہے، تو وہ چالیس (مدت) تک کھڑا رہنا بہتر سمجھے گا بہ نسبت اس کے کہ وہ نمازی کے سامنے سے گزر جائے۔ (متفق علیہ)۔
علامہ ابن دقیق العید إحكام الأحكام (1/282) میں فرماتے ہیں: یہ حدیث اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ نمازی نے جب سترہ نہ رکھا ہو تو اس کے سامنے سے گزرنا منع ہے، ، یا سترہ رکھا ہو مگر گزرنے والا اس کے اور سترہ کے درمیان سے گزرے، اور حدیث میں صراحت کے ساتھ گناہ کا ذکر آیا ہے۔
بغیر سترہ کے نماز پڑھنے والے کے سامنے سے گزرنے کی مکروہ مقدار کا بیان
یہ بات طے شدہ ہے کہ اگر نمازی نے سترہ رکھا ہو تو گزرنے والے کے لیے جائز یہ ہے کہ وہ سترہ کے پیچھے سے گزرے، اور اس کے اور سترہ کے درمیان سے گزرنا منع ہے، جیسا کہ حضرت ابوجہیم رضی اللہ عنہ کی حدیث سے ثابت ہے۔ لیکن اگر نمازی نے سترہ نہ رکھا ہو تو فقہاء کے درمیان اس بات میں اختلاف ہے کہ نمازی کے سامنے کس حد تک گزرنا مکروہ سمجھا جائے۔
چنانچہ جمہور فقہاء یعنی احناف، مالکیہ اور شوافع کے نزدیک مکروہ گزرنے کی حد وہ جگہ ہے جس کی نمازی کو نماز کے افعال ادا کرنے کے لیے ضرورت ہوتی ہے، یعنی اس کے قدموں کی جگہ سے لے کر سجدے کی جگہ تک؛ کیونکہ اس فاصلے کے اندر سے گزرنے میں نمازی کے خشوع کے زائل ہونے، دل کی غیر حاضری اور نماز میں خلل ڈالنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
علامہ کمال بن ہمام حنفی نے فتح القدیر میں فرمایا: نمازی کے سامنے سے گزرنے والا اسی وقت گناہگار ہوگا جب وہ اس کے سجدے کی جگہ سے گزرے، بشرطیکہ ان کے درمیان کوئی حائل نہ ہو۔ یہی قول زیادہ صحیح ہے، کیونکہ قدموں کی جگہ سے سجدے کی جگہ تک ہی اس کی نماز کی حد ہے۔ اور علامہ دردِیر مالکی الشرح الکبیر میں فرماتے ہیں: ابن العربی کا قول راجح ہے کہ نمازی، چاہے اس کے سامنے سترہ ہو یا نہ ہو، اسے اتنی ہی جگہ کا حق حاصل ہے جتنی اسے قیام، رکوع اور سجدے کے لیے درکار ہوتی ہے۔
علامہ رملی شافعی نے نہایة المحتاج إلى شرح المنهاج میں فرمایا: گزرنے کی حرمت اسی وقت ہوتی ہے جب نماز پڑھنے والے کے سامنے مقررہ سترہ ہو، لیکن اگر سترہ موجود نہ ہو، یا نمازی اس سے تین ہاتھ سے زیادہ فاصلے پر ہو جائے، یا اس کی شرائط میں سے کوئی شرط مفقود ہو، تو گزرنا حرام نہیں۔ کیونکہ سترہ کا مقصد یہ ہے کہ نماز پڑھنے والے کے لیے ایک محفوظ حد ظاہر ہو جس میں وہ اپنے رکوع و سجود اور حرکات کے ساتھ آزادانہ نماز ادا کر سکے۔ پس اگر وہ خود سترہ نہ لے تو وہ اپنی حرمت خود ضائع کرنے والا ہے۔
اور حنابلہ کی رائے یہ ہے کہ اگر نمازی کے لیے سترہ موجود نہ ہو تو اس کے پاؤں سے لے کر تین ہاتھ یا اس سے کم فاصلے سے گزرنا حرام ہے۔
علامہ بہوتی حنبلی نے شرح منتهى الإرادات (جلد 1، صفحہ 211، عالم الكتب) میں فرمایا: اور اگر نمازی کے سامنے سترہ نہ ہو تو اس کے پاؤں سے تین ہاتھ یا اس سے کم کے فاصلے پر سے گزرنا حرام ہے۔
چونکہ نمازی کے سامنے سترہ رکھنے سے شریعتِ مطہرہ کا مقصد یہ ہے کہ اسے خشوع و خضوع، حضورِ قلب اور یکسوئی حاصل ہو، اور نمازی کو گزرنے والوں کی وجہ سے کسی قسم کی توجہ میں خلل نہ ہو نیز سترہ اس کے لیے نگاہ کو پس منظر سے ہٹانے اور خیال کو ایک نقطے پر مرکوز رکھنے کا ذریعہ بنتا ہے تاکہ ذہن منتشر نہ ہو۔ لہٰذا فتویٰ کے لیے راجح قول یہ ہے کہ سترہ کی لمبائی ایک ہاتھ (تقریباً 46.375 سینٹی میٹر) یا اس سے زیادہ ہو، اور چوڑائی اتنی ہو کہ دیکھنے والے کو واضح طور پر نظر آئے تاکہ اس کا مقصد پورا ہو جائے۔ اور اگر سترہ موجود نہ ہو تو اتنی جگہ سے گزرنا مکروہ ہے جتنی نمازی کو نماز کے ارکان ادا کرنے کے لیے درکار ہوتی ہے، یعنی اُس کے قدموں کی جگہ سے سجدے کی جگہ تک۔ اس سے آگے گزرنے میں کوئی حرج نہیں، کیونکہ اس سے زیادہ جگہ کو ممنوع قرار دیناگزرنے والوں پر تنگی کا باعث ہوگا۔
مندرجہ بالا تفصیل کی روشنی میں اور سوال کے مطابق: نماز میں سترہ رکھنا نمازی کو خشوع و خضوع پیدا کرنے، حضورِ قلب اور نماز کے دوران لوگوں کے گزرنے سے پیدا ہونے والی خلل سے بچنے میں مدد دیتا ہے، اور شریعت میں یہ عمل مستحب و مطلوب ہے۔ سترہ کی لمبائی کم از کم ایک ہاتھ (تقریباً 46.375 سینٹی میٹر) یا اس سے زیادہ ہونی چاہیے، اور چوڑائی اتنی ہو کہ دیکھنے والے کو واضح طور پر نظر آجائے تاکہ اس کا مقصد حاصل ہو۔ اگر نمازی نے اپنے سامنے سترہ رکھا ہو تو کسی کے لیے جائز نہیں کہ وہ اس کے اور سترے کے درمیان سے گزرے، بلکہ صرف سترے کے پیچھے سے گزرنا درست ہے۔ لیکن اگر نمازی کے سامنے کوئی سترہ نہ ہو تو گزرنے سے منع کی گئی جگہ وہ ہے جو نماز کے دوران نمازی کے کام میں آتی ہے، یعنی اس کے قدموں سے لے کر سجدے کی جگہ تک۔
والله سبحانه وتعالى أعلم.
Arabic
Englsh
French
Deutsch
Pashto
Swahili
Hausa
