صفا اور مروہ کے درمیا ن سعی کیلئے نیت اور موالاۃ (عمل کا پے در پے ہونا)
Question
جس نے ادائیگی کی نیت کے بغیر سعی کی ہو یا مختلف دنوں میں سعی کے چکر پورے کیے ہوں یا سعی میں کسی ضعیف کی مدد کرتے ہوئے چکر لگائے ہوں، تو کیا اس کی سعی ادا ہو جائے گی؟
Answer
الحمد للہ والصلاۃ والسلام علی سیدنا رسول اللہ وآلہ وصحبہ ومن والاہ۔ اما بعد! سعی کی نیت کرنا جمہور علماءِ عظام کے نزدیک سنت ہے، سواۓ حنابلہ فقہاءِ عظام کے وہ اسے شرط قرار دیتے ہیں۔ اگر کوئی صفا سے مروہ کی طرف بھاگتے ہوئے چلا ، خرید وفروخت کرتے ہوئے چلا ، چہل قدمی کرتے ہوئے چلا یا ویسے ہی چلا اور اسے سعی کا احساس ہی نہیں تھا تو بھی اس کی سعی صحیح ہو جائے گی جیسا کہ فقہاءِ عظام نے فرمایا ہے، اور اسی طرح سعی کے چکروں کے درمیان موالاۃ (عمل کا پے در پے ہونا) بھی سنت ہے ، اس کا ترک کرنا فقہاءِ عظام کے نزدیک مکروہ ہے، لیکن مالکیہ اور حنابلہ فقہاءِ عظام اس میں اختلاف کرتے ہیں وہ فرماتے ہیں کہ سعی میں موالاۃ بھی شرط ہے۔
تو جمہور فقہاءِ عظام کے نزدیک موالاۃ کا نہ ہونا سعی کو نقصان نہیں دیتا چاہے انقطاع کم ہو یا زیادہ ہو، اور ان کے نزدیک کراہت بھی زائل ہو جاتی ہے جب انقطاع باجماعت نماز کیلئے ہو یا نماز جنازہ کی خاطرہو۔
والله سبحانه وتعالى أعلم.