دوسروں کا ڈیٹا افشاں کرنا
Question
سوشل سائٹس پر دوسروں کی نجی معلومات نشر کرنے کا کیا حکم ہے؟
Answer
لوگوں کے ڈیٹا اوران کے ایسے پرائیویٹ رازوں کو نشر کرنا - چاہے سوشل میڈیا یا ویب سائٹس وغیرہ پر ہو - جن پر کسی کا مطلع ہونا وہ ناپسند کرتے ہوں جائز نہیں ہے ؛ کیونکہ انسانی پرائیویسی کی خلاف ورزی کسی کے لیے بھی جائز نہیں ہے۔ شرعی نصوص بتاتی ہیں کہ لوگوں کی نجی محافل امانت ہوتی ہیں جب یہ معلوم ہو کہ اس بات کو ظاہر کرنا متعلقہ انسان کو ناپسند ہے توان میں موجود اسرار کو عام کرنا حرام ہے ۔ اجازت ملنے تک راز جاننے والے شخص کے لیے اسے ظاہر کرنا جائز نہیں ہے۔
اسی طرح لوگوں کے ایسے رازوں کو افشا کر کے ان کی معلومات کو ظاہر کرنا جن پر کسی کا مطلع ہونا انہیں ناپسند ہو ان کے لیے تکلیف اور ضرر کا باعث بنتا ہے اور لوگوں کو تکلیف پہنچانا شرعاً مذموم ہے اور اس کی تحذیر اور ممانعت وارد ہوئی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: { اور جو ایمان دار مردوں اور عورتوں کو ناکردہ گناہوں پر ستاتے ہیں سو وہ اپنے سر بہتان اور صریح گناہ لیتے ہیں۔ } (الاحزاب: 58)۔