میت کے اہلِ خانہ کی شرعی تعزیت کن الفاظ سے ادا ہو جاتی ہے
Question
کیا اسلام میں میت کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرنے کے لیے کوئی مخصوص الفاظ یا عبارت مقرر ہے، یا اس معاملے میں وسعت ہے اور آدمی اپنی سہولت اور استطاعت کے مطابق تعزیت کر سکتا ہے؟
Answer
الحمد لله والصلاة والسلام على سيدنا رسول الله وعلى آله وصحبه ومن والاه، وبعد؛ میت کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرنا بھی ان اچھے اخلاق کے مظاہر میں سے ایک ہے جن کی شریعتِ مطہرہ نے ترغیب دی ہے ۔
تعزیت مصدر ہے اور اس کا اسم ’’عزاء‘‘ ہے۔ تعزیت کے معنی صبر کی تلقین کرنا اور تسلی دینا ہیں، جبکہ عزاء کے معنی صبر کے ہیں۔ علامہ فیومی نے المصباح المنیر (2/408، طبع: المکتبۃ العلمیۃ) میں لکھا ہے: ’’عَزيَ يَعْزِي، باب تَعِبَ سے ہے، یعنی پیش آنے والی مصیبت پر صبر کرنا۔ اور میں نے اس سے تعزیت کی، یعنی اس سے کہا: اللہ تعالیٰ تمہیں بہترین صبر عطا فرمائے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ تمہیں اچھا صبر اور تسلی عطا فرمائے۔ اور تَعَزَّى کے معنی صبر کرنا ہیں۔ اس کا شعار یہ ہے کہ وہ کہے: إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔
شریعتِ مطہرہ میں میت کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرنا مستحب قرار دیا گیا ہے اور تعزیت کرنے والے کے لیے عظیم اجر و ثواب کا وعدہ فرمایا گیا ہے۔ چنانچہ امام ترمذی اور امام ابن ماجہ نے اپنی اپنی سنن میں حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’جو شخص کسی مصیبت زدہ کی تعزیت کرے، اسے بھی اس کے برابر اجر ملے گا۔‘‘
جہاں تک اس مستحب عمل کی ادائیگی کے لیے مخصوص الفاظ اور عبارتوں کا تعلق ہے، تو اس معاملے میں وسعت ہے۔ ہر ایسا اچھا اور مناسب کلمہ جس میں مصیبت پر صبر کی تلقین اور ترغیب ہو، نیز میت اور اس کے اہلِ خانہ کے لیے دعا شامل ہو، اس سے تعزیت ادا ہو جاتی ہے۔ یہی بات فقہ کے چاروں متبع مذاہب کی کتابوں میں صراحت کے ساتھ مذکور ہے۔
امام شافعی رحمہ اللہ نے الأم (1/317، طبع: دار المعرفۃ) میں فرمایا ہے: ’’تعزیت کے لیے کوئی مخصوص عبارت مقرر نہیں کہ اسی سے تجاوز نہ کیا جا سکے۔‘‘
امام طحطاوی حنفی رحمہ اللہ نے حاشیۃ علی مراقی الفلاح (ص: 618، طبع: دار الکتب العلمیۃ) میں فرمایا ہے: ’’تعزیت کے الفاظ میں کوئی پابندی نہیں ہے۔‘‘
امام حطاب مالکی رحمہ اللہ نے مواهب الجليل (2/229، طبع: دار الفکر) میں لکھا ہے: ’’محمد بن سیرین جب تعزیت کرتے تو کہتے: اللہ تعالیٰ تمہیں اجرِ عظیم عطا فرمائے، تمہاری مصیبت کا ازالہ فرمائے، اس مصیبت پر تمہیں بہترین صبر عطا فرمائے اور تمہیں دنیا و آخرت کے لیے بہتر نعم البدل عطا فرمائے۔
اور مکحول کہا کرتے تھے: اللہ تعالیٰ تمہیں عظیم اجر عطا فرمائے، تمہیں بہترین انجام نصیب فرمائے اور تمہارے مرحوم کی مغفرت فرمائے۔
ابن حبیب نے کہا ہے: تعزیت کے الفاظ میں وسعت ہے؛ آدمی اپنی سہولت اور اپنے اندازِ بیان کے مطابق کوئی بھی الفاظ کہہ سکتا ہے۔‘‘
امام ابن قدامہ حنبلی رحمہ اللہ نے المغنی (2/405، طبع: مکتبۃ القاہرۃ) میں فرمایا ہے: ’’تعزیت کے لیے کوئی مخصوص اور متعین الفاظ ہمارے علم میں نہیں ہیں۔‘‘
البتہ بہتر یہ ہے کہ وہ الفاظ اور دعائیہ کلمات استعمال کیے جائیں جو سنتِ مطہرہ سے ثابت ہیں۔ چنانچہ صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، وہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صاحبزادی نے آپ کی خدمت میں پیغام بھیجا کہ میرا ایک بچہ وفات پا گیا ہے، آپ تشریف لائیے۔ اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پیغام بھیجا کہ انہیں سلام کہیں اور فرمایا: «إِنَّ لِلَّهِ مَا أَخَذَ، وَلَهُ مَا أَعْطَى، وَكُلٌّ عِنْدَهُ بِأَجَلٍ مُسَمًّى، فَلْتَصْبِرْ، وَلْتَحْتَسِبْ» یعنی: ’’بے شک اللہ ہی کا ہے جو اس نے لے لیا اور اسی کا ہے جو اس نے عطا فرمایا، اور ہر چیز اس کے ہاں ایک مقررہ وقت تک ہے؛ لہٰذا صبر کریں اور ثواب کی نیت رکھیں۔‘‘
امام بیہقی نے السنن الكبرى میں حضرت ابو خالد الوالبي سے مرسلاً روایت کیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک شخص سے تعزیت کرتے ہوئے فرمایا«يَرْحَمُكَ اللهُ وَيَأْجُرُكَ».: یعنی: ’’اللہ تعالیٰ آپ پر رحم فرمائے اور آپ کو اجر عطا فرمائے۔‘‘
علامہ حدادی حنفی رحمہ اللہ نے الجوهرة النيرة (1/110، طبع: الخیریۃ) میں فرمایا ہے: ’’تعزیت کے الفاظ یہ ہیں: عظم الله أجرك، وأحسن عزاءك، وغفر لميتك، وألهمك صبرًا، وأجزل لنا ولك بالصبر أجرًا۔ یعنی: اللہ تعالیٰ تمہیں عظیم اجر عطا فرمائے، تمہیں بہترین صبر نصیب کرے، تمہارے مرحوم کی مغفرت فرمائے، تمہیں صبر عطا کرے اور صبر کرنے پر ہمیں اور تمہیں بھرپور اجر عطا فرمائے۔ اور اس سے بھی بہتر وہ تعزیت ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی ایک صاحبزادی سے فرمائی تھی، جن کا ایک بچہ وفات پا گیا تھا۔ آپ نے فرمایا: «إنَّ لِلَّهِ مَا أَخَذَ وَلَهُ مَا أَعْطَى وَكُلُّ شَيْءٍ عِنْدَهُ بِأَجَلٍ مُسَمًّى»
آپ کے فرمان ’’بے شک اللہ ہی کا ہے جو اس نے لے لیا‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ پوری کائنات اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہے؛ لہٰذا اس نے تمہاری کوئی چیز نہیں لی، بلکہ اپنی ہی ملکیت واپس لی ہے، کیونکہ وہ چیز تمہارے پاس بطورِ امانت تھی۔
اور آپ کے فرمان ’’اور اسی کا ہے جو اس نے عطا فرمایا‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ جو چیز اس نے تمہیں عطا کی تھی، وہ بھی اس کی ملکیت سے خارج نہیں ہوئی، بلکہ وہ بدستور اسی کی ہے۔
اور آپ کے فرمان ’’اور ہر چیز اس کے ہاں ایک مقررہ وقت تک ہے‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ جس کی روح اس نے قبض کر لی، اس کی مقررہ مدت پوری ہو چکی تھی؛ لہٰذا تم بے صبری کا مظاہرہ نہ کرو، بلکہ صبر کرو اور ثواب کی امید رکھو۔‘‘
امام حطاب مالکی رحمہ اللہ نے مواهب الجليل (2/229) میں فرمایا ہے: ’’تعزیت کا بہترین طریقہ وہ ہے جو حدیث میں وارد ہوا ہے: «آجَرَكُمْ اللهُ فِي مُصِيبَتِكُمْ وَأَعْقَبَكُمْ اللهُ خَيْرًا مِنْهَا؛ إنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إلَيْهِ رَاجِعُونَ» یعنی:’’اللہ تعالیٰ تمہیں تمہاری مصیبت پر تمہیں اجر عطا فرمائے اور اس کے بدلے تمہیں اس سے بہتر عطا فرمائے۔ بے شک ہم اللہ ہی کے ہیں اور ہمیں اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔‘‘ مذکورہ بالا تفصیل سے سوال کا جواب واضح ہو جاتا ہے۔
والله سبحانه وتعالى أعلم.
Arabic
Englsh
French
Deutsch
Pashto
Swahili
Hausa
