قرض خواہ کی وفات کے بعد، مقررہ میعا...

Egypt's Dar Al-Ifta

قرض خواہ کی وفات کے بعد، مقررہ میعاد پوری ہونے سے پہلے مؤجل قرض کی ادائیگی کا حکم

Question

قرض خواہ کی وفات ہوجانے اور قرض کی مقررہ مدت پوری ہونے سے پہلے قرضِ مؤجل کی ادائیگی کا کیا حکم ہے؟

ایک شخص نے دوسرے شخص سے کچھ رقم قرض لی اور اس کے ساتھ یہ طے کیا کہ وہ تین ماہ بعد پوری رقم واپس کرے گا، لیکن قرض دینے والا ایک ماہ بعد وفات پا گیا۔ اس کے ورثاء آئے اور قرض کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کرنے لگے، اس بنیاد پر کہ اب یہ رقم ان کی ملکیت بن چکی ہے۔ تو کیا انہیں مقررہ وقت سے پہلے قرض وصول کرنے کا حق حاصل ہے؟

Answer

الحمد لله والصلاة والسلام على سيدنا رسول الله وعلى آله وصحبه ومن والاه، وبعد؛ قرض لینے والے پر لازم ہے کہ وہ قرضِ مؤجل اس کی ادائیگی کی مقررہ مدت پوری ہونے پر ادا کرے، نہ کہ قرض خواہ کی وفات کے وقت۔ لہٰذا مذکورہ قرض خواہ کے ورثاء کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ قرض لینے والے کو اس قرض کی مقررہ مدت سے پہلے ادائیگی پر مجبور کریں جو اس کے ذمے ان کے مورث کا تھا۔ تاہم، اگر مقروض مالی وسعت رکھتا ہو اور قرض کی مقررہ مدت پوری ہونے سے پہلے ہی اسے واپس کرنا چاہے تو شرعاً ایسا کرنا جائز ہے۔ یہ احسان کا بدلہ احسان سے دینے اور بھلائی کا جواب فضل و کرم کے ساتھ دینے کے زمرے میں آتا ہے۔

تفصیلات

ضرورت مند کو قرض دینے کی فضیلت

کسی ضرورت مند کے ساتھ نرمی اور احسان کا معاملہ کرتے ہوئے، بغیر کسی نفع کی خواہش کے اسے قرض دینا ایسا عمل ہے جس پر اللہ تبارک وتعالیٰ کے ہاں عظیم اجر حاصل ہوتا ہے۔ اس کی دلیل اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا یہ فرمان ہے: ﴿مَنْ ذَا الَّذِي يُقْرِضُ اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًا فَيُضَاعِفَهُ لَهُ وَلَهُ أَجْرٌ كَرِيمٌ﴾ [الحديد: 11]. ترجمہ: کون ہے جو اللہ کو اچھا قرض دے، پھر اللہ اسے اس کے لیے کئی گنا بڑھا دے، اور اس کے لیے بہترین اجر ہے۔

مقروض پر لازم ہے کہ وہ قرض کی ادائیگی اچھے طریقے سے کرے؛ کیونکہ قرض دینے والے نے مقروض کے ساتھ جو احسان کیا ہے، اس کا بدلہ احسان ہی سے دینا مناسب ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: الْإِحْسَانِ إِلَّا الْإِحْسَانُ﴾ [الرحمن: 60] ترجمہ: احسان کا بدلہ احسان کے سوا اور کیا ہے۔

اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’تم میں بہترین لوگ وہ ہیں جو قرض کی ادائیگی بہترین طریقے سے کرتے ہیں۔‘‘ اسے امام بخاری نے روایت کیا ہے۔

قرض خواہ کی وفات اور قرض کی مقررہ مدت پوری ہونے سے پہلے قرضِ مؤجل کی ادائیگی کا حکم

شرعاً یہ بات مسلم ہے کہ جب کوئی شخص وفات پا جائے اور اس کے ذمے کسی دوسرے شخص کا قرض ہو تو وہ قرض اس کے ورثاء کی ملکیت میں منتقل ہوجاتا ہے، جیسا کہ امام ابوالحسن ماوردی نے الحاوی الکبیر (3/172، مطبوعہ دار الکتب العلمیہ) میں بیان کیا ہے۔

اور اگر قرض خواہ کے ورثاء کی ملکیت میں منتقل ہونے والا قرض کسی مقررہ مدت تک مؤجل ہو تو اس کی ادائیگی کا وقت قرض خواہ کی وفات کے سبب، قرض خواہ اور مقروض کے درمیان طے شدہ مدت سے پہلے نہیں آتا۔ اس مسئلے پر تمام علماء کا اجماع ہے۔

امام ابن المنذر نے الإجماع (ص: 112، مطبوعہ دار الآثار) میں فرمایا: علماء کا اس بات پر اجماع ہے کہ کسی وفات پانے والے شخص کے وہ قرض جو لوگوں کے ذمے ایک مقررہ مدت تک واجب الادا ہوں، اس کی وفات سے فوری واجب الادا نہیں ہوجاتے، بلکہ اپنی مقررہ مدت تک مؤخر رہتے ہیں۔‘‘

اسی طرح انہوں نے الإشراف (6/232، مطبوعہ مکتبۃ مکۃ الثقافیۃ) میں فرمایا: جن اہلِ علم کا اس بات پر اجماع ہے کہ کسی وفات پانے والے شخص کے وہ قرض جو لوگوں کے ذمے مقررہ مدت تک واجب الادا ہوں، اپنی مقررہ مدت ہی تک مؤخر رہتے ہیں اور اس کی وفات سے فوری واجب الادا نہیں ہوجاتے۔‘‘

پس اگر مقروض قرض کی ادائیگی کی مقررہ مدت پوری ہونے سے پہلے ہی اسے واپس کرنا چاہے اور اس کی مالی استطاعت بھی رکھتا ہو تو اسے اللہ تعالیٰ کی طرف سے عظیم اجر حاصل ہوگا، اور اس طرح وہ قرض کی ادائیگی میں مطلوبہ شرعی فیاضی اور خوش دلی کا مظاہرہ کرنے والا ہوگا۔

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ ایسے بندے کو پسند فرماتا ہے جو خریدتے وقت نرمی کرنے والا ہو، فروخت کرتے وقت نرمی کرنے والا ہو، قرض ادا کرتے وقت نرمی کرنے والا ہو اور اپنا حق وصول کرتے وقت بھی نرمی کرنے والا ہو۔‘‘ اسے امام مالک نے الموطأ میں اور امام بیہقی نے شعب الإيمان میں روایت کیا ہے۔ مذکورہ الفاظ امام بیہقی کی روایت کے ہیں۔

امام زرقانی نے شرح الموطأ (2/512، مطبوعہ مکتبۃ الثقافۃ الدینیۃ) میں فرمایا: اس حدیث مبارکہ میں ’’جب وہ قرض ادا کرے تو نرمی کرنے والا ہو" کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنے ذمے واجب الادا حق خوش دلی سے ادا کرے، جو بہترین چیز اسے میسر ہو وہ ادا کرے اور قرض کی ادائیگی میں جلدی کرے۔‘‘

خلاصۂ حکم

مذکورہ تفصیل کی روشنی میں، سوال میں بیان کردہ صورتِ حال کا حکم یہ ہے کہ مقروض پر لازم ہے کہ وہ قرضِ مؤجل اس کی ادائیگی کی مقررہ مدت پوری ہونے پر ادا کرے، نہ کہ قرض خواہ کی وفات کے وقت۔ لہٰذا مذکورہ قرض خواہ کے ورثاء کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ قرض لینے والے کو اس قرض کی مقررہ مدت سے پہلے ادائیگی پر مجبور کریں جو اس کے ذمے ان کے مورث کا تھا۔

تاہم، اگر قرض لینے والا مالی وسعت رکھتا ہو اور قرض کی مقررہ مدت پوری ہونے سے پہلے ہی اسے واپس کرنا چاہے تو شرعاً ایسا کرنا جائز ہے۔ یہ احسان کا بدلہ احسان سے دینے اور بھلائی کا جواب فضل و کرم کے ساتھ دینے کے زمرے میں آتا ہے۔

والله سبحانه وتعالى أعلم.

Share this:

Related Fatwas